امریکہ: جب تک یوکرین قائم ہے ہم اس کا ساتھ دینا جاری رکھیں گے

اندیشوں کی کوئی ضرورت نہیں ۔ جب تک یوکرین قائم ہے ہم اس کا ساتھ دینا جاری رکھیں گے: صدر جو بائڈن

1922134
امریکہ: جب تک یوکرین قائم ہے ہم اس کا ساتھ دینا جاری رکھیں گے

امریکہ کے صدر جوبائڈن نے یوکرین کے صدر ولادی میر زلنسکی سے کہا ہے کہ "اندیشوں کی کوئی ضرورت نہیں ۔ جب تک یوکرین قائم ہے ہم اس کا ساتھ دینا جاری رکھیں گے"۔

24 فروری سے جاری روس۔یوکرین جنگ کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے میں یوکرین کے صدر زلنسکی نے امریکہ کے صدر بائڈن کے ساتھ وائٹ ہاوس میں دو طرفہ ملاقات کی اور بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں بائڈن نے کہا ہے کہ روس کے صدر ولادی میر پوتن نے یوکرین کے حساس انفراسٹرکچر کو ہدف بنا کر جنگ کو مزید بھڑکا دیا ہے۔ جنگ شروع ہوئے 300 سے زائد دن گزر چکے ہیں اور اس عرصے میں یوکرین کے عوام نے روس اور دنیا کو دِکھا دیا ہے کہ انہیں اپنے ملک سے کس قدر محبت ہے اور اس کے دفاع کے لئے ان کا عزم کس قدر پختہ ہے۔

جنگ کے دوران امریکہ کی یوکرین کو فراہم کردہ امداد کے مختصر ذکر کے بعد بائڈن نے کہا ہے کہ ہمارا ملک یوکرین کی مدد کرنا جاری رکھے گا۔

صدر زلنسکی کی طرف رُخ کر کے انہوں نے کہا ہے کہ "جناب صدر صاحب آپ کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ جب تک  یوکرین کا وجود برقرار ہے ہم اس کا ساتھ دینا جاری رکھیں گے"۔

زلنسکی نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ "جنگ کے حالیہ 30 دنوں میں ہم نے امریکہ کے ساتھ باہمی تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ ہم حقیقی معنوں میں ایک دوسرے کے اتحادی بن گئے ہیں"۔

انہوں نے یوکرین کی حمایت و تعاون پر بائڈن کا شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کہ پیٹریاٹ فضائی دفاعی سسٹم ہمارے لئے نہایت اہمیت رکھتا ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ کیا صدر پوتن کے لئے وہ کوئی پیغام دینا چاہیں گے؟ صدر زلنسکی نے کہا ہے کہ "صدر منتخب ہونے کے بعد 2019 میں 'نورمانڈیا' میں میری صدر پوتن کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں میں نے انہیں کہا تھا کہ ہمارے ملک پر مکمل قبضہ نہیں ہونا چاہیے۔  جارحیت کا خاتمہ ہوناچاہیے۔ درپیش مسائل کو سفارتی طریقے سے حل کر کے یوکرین کی   زمینی سالمیت کو  یقینی بنانا  اور ایک حقیقی جنگ کے آغاز سے پرہیز کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مجھے کہا تھا کہ ایسا کچھ نہیں ہو گا۔ اصل میں انہوں نے جھوٹ بولا تھا۔ ایسی صورت میں میں انہیں کیا پیغام دے سکتا ہوں؟"



متعللقہ خبریں