اگر پوتن جنگ ختم کرنے پر مائل ہوتے ہیں تو میں ان کے ساتھ ملاقات کے لئے تیار ہوں: بائڈن

اگر روس کے صدر ولادی میر پوتن یوکرین میں جنگ ختم کرنے کی طرف مائل ہوتے ہیں تو میں ان کے ساتھ ملاقات کے لئے تیار ہوں: صدر جو بائڈن

1913939
اگر پوتن جنگ ختم کرنے پر مائل ہوتے ہیں تو میں ان کے ساتھ ملاقات کے لئے تیار ہوں: بائڈن

امریکہ کے صدر جو بائڈن نے کہا ہے کہ اگر روس کے صدر ولادی میر پوتن یوکرین میں جنگ ختم کرنے کی طرف مائل ہوتے ہیں تو میں ان کے ساتھ ملاقات کے لئے تیار ہوں۔

فرانس کے صدر امانوئیل ماکرون کے دورہ امریکہ کے دوران وائٹ ہاوس میں دو طرفہ ملاقات کے بعد صدور نے مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔

پریس کانفرنس میں یوکرین کی عسکری امداد جاری رکھنے کا موضوع دونوں صدور کے ایجنڈے پر تھا۔

کانفرنس سے خطاب میں صدر بائڈن نے کہا ہے کہ "جنگ ختم کرنے کا واحد عقلی راستہ یہ ہے کہ  پوتن  یوکرین سے  فوجیں نکال لیں۔پوتن اس راستے کو مسترد کرنے کا نہ صرف خود بہت بھاری بدل چُکا رہے ہیں بلکہ یوکرین میں بھی وسیع پیمانے پر تباہی کا سبب بن رہے ہیں"۔

انہوں نے کہا ہے کہ " میرا ،پوتن سے ملاقات کا کوئی ارادہ نہیں ہے  لیکن اگر وہ جنگ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیتے ہیں تو میں ان کے ساتھ  ملاقات  کے لئے تیار ہوں۔ تاہم فی الحال وہ ایسے کسی راستے کی طرف جاتے دِکھائی نہیں دے رہے۔ اگر ایسی کوئی بات ہوتی ہے تو میں فرانس اور دیگر نیٹو  اتحادیوں کے ساتھ رابطے میں رہ کر پوتن کے ساتھ ملاقات کروں گا اور ان کی نیت بھانپنے کی کوشش کروں گا"۔

فرانس کے صدر امانوئیل ماکرون نے بھی کہا ہے کہ "یوکرین جنگ کے معاملے میں فیصلے کا حق یوکرین کے پاس ہے۔ ہم کبھی بھی یوکرین سے کسی ایسی قربانی کا مطالبہ نہیں کریں گے  جو ان کے لئے قابلِ قبول نہ ہو۔ یوں بھی ڈھیل دے کر حاصل کردہ امن مستحکم امن نہیں ہوگا"۔

صدر امانوئیل ماکرون نے کہا ہے کہ "ہم، اپنی زمین کے بارے میں مذاکراتی شرائط کے تعین کے لئے ، یوکرینیوں کے فیصلوں کو محترم رکھیں گے"۔



متعللقہ خبریں