طالبان نے خواتین سے وعدہ خلافی کی ہے:اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے الزام عائد کیا ہے کہ طالبان نے افغان خواتین اور لڑکیوں سے کیے جانے والے وعدے توڑ دیے ہیں

1718261
طالبان نے خواتین سے  وعدہ خلافی  کی ہے:اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے الزام عائد کیا ہے کہ طالبان نے افغان خواتین اور لڑکیوں سے کیے جانے والے وعدے توڑ دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وعدے ٹوٹنے کا مطلب افغانستان کی خواتین اور لڑکیوں کے لیے خوابوں کا ٹوٹنا ہے۔

 سیکریٹری جنرل  نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں طالبان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ خواتین اور لڑکیوں سے کیے جانے والے اپنے وعدوں پر قائم رہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ طالبان بین الاقوامی انسانی حقوق اورعالمی قوانین کے مطابق بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

  انتونیو گوتریش نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اس مسئلے پر آرام سے نہیں بیٹھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی طالبان سے روزانہ کی بنیادوں پر بات ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے دیگر ممالک میں اثاثے منجمد ہیں اور ترقیاتی امداد روک دی گئی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ افغان معیشت میں سرمایہ زر فراہم کیا جائے۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ایسا راستہ تلاش کرنا ہوگا کہ افغان معیشت دوبارہ سانس لے سکے لیکن سب کچھ عالمی قوانین اور قواعد و ضوابط کو نظرانداز کیے بغیر ہونا چاہیے۔

سیکریٹری جنرل  نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ فوری طور پر حرکت لے اور افغان معیشت کو سرمایہ زر فراہم کرے تاکہ سب کچھ تباہی سے بچ سکے۔

اس حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی طرح طالبان یا حکمرانوں کو پیسہ دینے کا نہیں کہہ رہے ہیں۔



متعللقہ خبریں