خطے میں عدم استحکام کا ذمے دار امریکہ ہے: شمالی کوریا

کم جونگ اُن نے امریکہ کو جزیرہ نما کوریا میں عدم استحکام کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے الزام عائد کیا کہ امریکہ کے غلط اور جانبدار فیصلوں کی وجہ سے خطے میں کشیدگی پیدا ہوئی

1718405
خطے میں عدم استحکام کا ذمے دار امریکہ ہے: شمالی کوریا

شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن نے امریکی سرزمین پر ایٹمی حملے کے لیے تیار کیے گئے طاقتور میزائلوں کا جائزہ لیا اور امریکہ کے مقابلے میں ایک ناقابل تسخیر فوج کے قیام کے عزم کا اظہار کیا۔

یان ہاپ ایجنسی کے مطابق، شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن نے ہتھیاروں کے نظام کی ایک نادر نمائش کا معائنہ کیا جس میں امریکہ پر ایٹمی حملے کے لیے تیار کردہ میزائل بھی رکھے گئے تھے۔

ہتھیاروں کی نمائش کی تقریب سے جذباتی خطاب کرتے ہوئے کم جونگ اُن نے کہا کہ وہ اسلحے اور ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنی فوج کو امریکہ سے مقابلے کے لیے ناقابل تسخیر بنائیں گے۔

کم جونگ اُن نے امریکہ کو جزیرہ نما کوریا میں عدم استحکام کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے الزام عائد کیا کہ امریکہ کے غلط اور جانبدار فیصلوں کی وجہ سے خطے میں کشیدگی پیدا ہوئی اور کوریائی عوام کو ایک دوسرے کے سامنے کھڑا کردیا گیا۔

شمالی کوریا کے حکمراں نے مزید کہا کہ امریکہ بار بار شمالی کوریا کے ساتھ دشمنی سے انکار کرتا آیا ہے تاہم اب تک ایک بھی ایسا اقدام نہیں اُٹھایا گیا جس سے یہ ثابت ہو کہ وہ شمالی کوریا کا دشمن نہیں ہے۔

کم جونگ اُن نے اپنی تقریر میں جنوبی کوریا کو بھی امریکہ سے قریب ہونے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ شمالی کوریا کی ہتھیاروں کی تیاری پر نکتہ چینی پر اقوام متحدہ سمیت عالمی قوتوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

واضح رہے کہ 2017 میں شمالی کوریا نے بین البراعظم مار کرنے والے تین بیلسٹک میزائلوں کا کامیاب تجربے کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ امریکی سرزمین پر ایٹمی میزائلوں سے حملہ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔

 



متعللقہ خبریں